اسلام آباد : ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس میں وزیراعظم اوروزرا کوتوہین عدالت نوٹس بھیجنے کامعاملہ وقتی طورپر رک گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں عافیہ صدیقی رہائی کیس میں وزیراعظم اور وزرا کو توہین عدالت نوٹس بھیجنے کا معاملہ لٹک گیا۔
ذرائع رجسٹرار آفس نے بتایا کہ رجسٹرار آفس سے نوٹس فریقین کو بھیجنے کا معاملہ وقتی طور پر روکا گیا ہے، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے آفس سے 16 جولائی کو نوٹ آیا تھا کہ وہ 21 جولائی سماعت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ان کے نوٹ سے پہلے ہفتہ وار روسٹر جاری ہو چکا تھا اب اس میں ترمیم ہونا تھی پھر کاز لسٹ جاری ہونا تھی ، ہم نے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی 21 جولائی کی سماعت کے لیے حوالے سے 16 جولائی کے بعد مجاز اتھارٹی کو نوٹ لکھا تھا۔
مجاز اتھارٹی کا جواب ابھی نہیں آیا آئے گا تو ہی اس پر کچھ بتا سکیں گے ، کیس مقرر نہیں تھا جس کو سنا گیا اور آرڈر ہوا ، اب اس متعلق عدالتی آرڈر پر نوٹس کیسے بھجیں ؟ مجاز اتھارٹی سے اس متعلق رائے لیں گے۔
عافیہ صدیقی کیس میں وزیر اعظم اور وزراء کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا گیا تھا اور دو ہفتے میں وزیراعظم اور وزراء سے جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھا۔