لاہور : سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی گئی ہے، سماعت منگل ہو گی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی کےخلاف توہین عدالت کیس کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی، لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس طارق عباسی سماعت منگل کو درخواست پر سماعت کریں گے۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی ، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ شاہدخاقان عباسی نے فیصلے سے متعلق عدالت کے خلاف دھمکی آمیز اور توہین آمیز الفاظ استعمال کئے۔3
درخواست میں شاہد خاقان، چیئرمین پیمرا ور سیکریٹری وزارت اطلاعات و نشریات کو فریق بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن نے شاہدخاقان عباسی کے خلاف ہڑتال کردی تھی۔
واضح رہے کہ شاہد خاقان عباسی کو لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ ٹربیونل نے کاغذات نامزدگی مسترد کرکے تاحیات نا اہل قرار دیا تھا۔ نااہلی کے بعد فیصلے کے بعد ایک انٹرویو میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ٹریبول جج نے میری ذات پر حملے کئے ہیں، کسی کو اس کا حق نہیں، لگتا ایسا ہے کہ ٹریبونل جج کی سیاست دانوں سےدشمنی ہے۔
شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ الیکشن ٹریبونل کو آرٹیکل 63،62 پر نااہلی کا اختیار نہیں، الیکشن ٹریبونل زیادہ سے زیادہ کاغذات نامزدگی کو مسترد کرسکتا ہے۔