کراچی کنگز اور مغل اسٹیل کے درمیان معاہدہ

لاہور: پاکستان سپر لیگ کی سب سے مقبول ٹیم کراچی کنگز نے مغل اسٹیل کے ساتھ اسٹرینتھ پارٹنر شپ کے معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور میں ہونے والی تقریب میں کراچی کنگز کی جانب سے ریجنل جنرل مینیجر عبدالباسط اور مغل اسٹیل کی جانب سے چیف ایگزیکٹیوخرم مغل نے اسپانسر شپ معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر کراچی کنگز انتظامیہ کی جانب سے اسپانسرز کو کراچی کنگز کی شرٹس بھی تحفے میں دی گئیں جن پر ان کے نام بھی درج تھے۔

دریں اثنا خرم مغل کا کہنا تھا کہ مغل اسٹیل کراچی کنگز کے ساتھ مستقبل میں بھی معاہدہ برقرار رکھے گا، جبکہ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں کروانے پر پی سی بی مبارکباد کا مستحق ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں میچز ہونا شائقین کرکٹ کے لئے بہت بڑا تحفہ ہے۔

پی ایس ایل کے وہ غیر ملکی کھلاڑی جو کراچی پہنچ گئے

واضح رہے کہ پی ایس ایل سیزن فائیو کا آغاز 20 فروری سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم سے ہوگا، میگا ایونٹ کے لیے کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی ٹیم کی قیادت عماد وسیم کریں گے دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم، ایلکس ہیلز، کرس جارڈن، محمد عامر، افتخار، شرجیل خان، کیمرون ڈیلپورٹ، عامر یامین، محمد رضوان، عمید آصف، لارنس، اسامہ میر، علی خان، اویس ضیا، لیام پلنکٹ، عمر خان اور اقبال شامل ہیں۔