شہری کو اغوا کر کے تاوان مانگنے والا اہلکار اشرف گرفتار

کراچی: شہر قائد میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شہری کو اغوا کرکے تاوان مانگنے والے اہلکار اشرف کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں تھانہ پاکستان بازار پولیس نے کارروائی کے دوران شہری کو اغوا کر کے تاوان مانگنے والے اہلکار اشرف کو تاوان کی رقم لیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ مغوی نوید کی اہلیہ کی مدعیت میں اہلکارکے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

مغوی نوید کی اہلیہ کے مطابق شوہرکو 27 اکتوبرکو پولیس اہلکار اشرف نے ساتھیوں سمیت اغوا کیا، 3 لاکھ روپے تاوان ادا کرنے کی حامی بھرنے پر شوہر کو رہا کیا گیا۔

کراچی، شارٹ ٹرم کڈنیپنگ، شارع فیصل پولیس کے 4 اہلکار گرفتار

یاد رہے کہ رواں ماہ 6 اکتوبر کو کراچی میں شارٹ ٹرم کڈنیپنگ میں ملوث شارع فیصل پولیس کے 4 اہلکاروں کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا گیا تھا، اہلکاروں کے خلاف 5 افراد نے درخواست دی تھی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 19 ستمبر کو وقار اور تین ساتھیوں نے پارکنگ سے حراست میں لیا اور گلشن جمال لے گئے، جیب سے تیس ہزار روپے سے زائد رقم نکال لی تھی۔

پولیس اہلکاروں کی جانب سے شارٹ ٹرم کڈنیپنگ کا نشانہ بننے والے 5 نوجوانوں نے اعلیٰ افسران کو درخواست دی تھی کہ ان کو وقار نامی پولیس اہلکار سمیت 4 اہلکاروں نے 19 ستمبر کو اغوا کیا اور گلشن جمال میں واقع خالی پلاٹ پر لے گئے تھے۔