جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر کوربن بوش کو وکٹ لینے کے بعد ڈگ آؤٹ کی جانب اشارہ کرنا مہنگا پڑ گیا۔
جنوبی افریقا کے آل راؤنڈر کوربن بوش کو منگل کو آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی 20 کے دوران آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی لیول 1 کی خلاف ورزی پر جرمانہ کردیا۔
بوش کو کھلاڑیوں اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے لیے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا جس کا تعلق زبان، حرکات یا اشاروں کے استعمال سے ہے جو کسی بین الاقوامی میچ کے دوران اس کی برطرفی پر کسی بلے باز کی طرف سے جارحانہ ردعمل کا باعث بنے۔
یہ پڑھیں: جنوبی افریقا نے دوسرے ٹی 20 میں آسٹریلیا کو شکست دے دی
یہ واقعہ آسٹریلیا کی اننگز کے 17ویں اوور میں اس وقت پیش آیا جب بین دروشوئس کو آؤٹ کرنے کے بعد بوش نے کھلاڑی کے ڈگ آؤٹ کی جانب اشارہ کیا۔
بوش کے ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ کا اضافہ ہوا۔ انہوں نے رسمی سماعت کی ضرورت سے گریز کرتے ہوئے آئی سی سی میچ آفیشلز کی تجویز کردہ جرمانے کو قبول کیا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان تین میچوں کی ٹی 20 سیریز 1-1 سے برابر ہے، دوسرے میچ میں جنوبی افریقا نے آسٹریلیا کو شکست دی، پہلے میچ میں کینگروز نے کامیابی حاصل کی تھی۔