لاہور: صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کروناوائرس کے مزید 232 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ مہلک وائرس سے متاثرہ 6 مریض انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کروناوائرس سے متعلق تازہ صورت سے آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ صوبے میں 24گھنٹے کے دوران کرونا کے 232نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کرونا کے مزید 6 مریضوں کے انتقال کرجانے سے پنجاب میں اموات کی کل تعداد 2 ہزار 242 ہوگئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 1 لاکھ 3 ہزار 314 میں سے 97 ہزار 384 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرونا کی دوسری لہر سے بچاؤ کے لیے حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کرنا ہوگا،کرونا کی دوسری لہر کے پیش نظر عوام احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں، شہری گھر سے باہر نکلتے ہوئے ماسک لازمی پہنیں۔
ملک میں 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے 14 افراد جاں بحق
عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ اکتوبر میں کرونا مریضوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، اس وقت صوبے میں کرونا ایکٹو کیسز کی تعداد 3 ہزار 688 ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 825 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 30 ہزار 200 ہوگئی جبکہ مزید چودہ افراد کے انتقال کے بعد پاکستان میں کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 759 ہو گئی ہے۔