ملک میں کورونا کے 3842 نئے کیسز رپورٹ، 75 اموات

اسلام آباد: ملک میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوروناوائرس کے 3842 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور وبا کا شکار مزید 75 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے ملک میں کورونا وبا سے متعلق تازہ اعداد وشمار جاری کردیے جن میں بتایا گیا کہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا کے باعث مزید 75افراد انتقال کرگئے جس کے بعد ملک میں کوروناوائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 24ہزار 923 ہوگئی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24گھنٹے میں53ہزار527کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے تین ہزار آٹھ سو بیالیس افراد میں وبا کی تصدیق ہوئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق 24گھنٹے میں کورونا کے ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 7.1فیصد رہی۔

چین سے کورونا ویکسین کی بھاری کھیپ پاکستان منتقل

دوسری جانب وبا سے جنگ کے لیے چین سے کوروناویکسین کی مزید بھاری کھیپ پاکستان منتقل کردی گئی ہے۔ گزشتہ روز ذرائع کا کہنا تھا کہ قومی ایئرلائن(پی آئی اے) کی پرواز 20 لاکھ ڈوز لے کر اسلام آباد پہنچی، پاکستان نے 20لاکھ سائینو ویک ڈوز چینی کمپنی سے خریدی ہیں۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ ویکسین کی کھیپ فیڈرل ای پی آئی کے مرکزی ویئر ہاؤس منتقل کردی ہے جبکہ چین سے مزید 20لاکھ سائینو ویک ڈوز کل(یعنی آج) اسلام آباد لائی جائیں گی، سائینوفام ویکسین صوبوں کو حسب ضرورت فراہم کی جائے گی۔ خیال رہے کہ پاکستان اس وقت کورونا کی چوتھی لہر کا سامنا کررہا ہے۔