اسکاٹ لینڈ : کرکٹرز بھی کورونا وائرس کا شکار ہونے لگے، اسکاٹ لینڈ کے سابق آف اسپنر ماجد حق بھی اس مہلک وائرس میں مبتلا ہوگئے، انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اسکاٹ لینڈ کے سابق آف اسپنر ماجد حق نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں انکشاف کیا ہے کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور میں اسپتال میں زیر علاج ہوں۔
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پیسلے میں اسپتال کا عملہ بہت اچھا تھا اور میں ان سب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے میسیجز کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، انشااللہ میں مکمل صحتیاب ہو کر جلد گھر واپسی کروں گا۔
Looking forward to potentially getting back home today after testing positive with Coronavirus. Staff at the RAH in Paisley have been good to me & thank you to everyone who has sent me messages of support. Insha Allah the Panther will be back to full health soon. #covid19UK pic.twitter.com/19QfWjzaOq
— Majid Haq (@MajidHaq) March 20, 2020
ماجد حق نے آخری مرتبہ2015ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کی تھی، مایہ ناز کرکٹر کو54ون ڈے اور 21 ٹی20 انٹرنیشنل میچوں میں اسکاٹ لینڈ کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔
انہیں اسکاٹ لینڈ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ 60وکٹیں لینے کا اعزاز حاصل تھا لیکن2019 میں سفیان شریف نے انہیں اس اعزاز سے محروم کردیا تھا۔
وآضح رہے کہ اسکاٹ لینڈ میں اب تک 266 کرونا وائرس کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ انگلینڈ میں اب تک 3 ہزار 269 افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
کورونا وائرس کی وباء پھیلنے کے بعد اسکاٹ لینڈ اور انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھیلوں کی سرگرمیاں غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی گئی ہیں۔