اسلام آباد میں بھی کرونا وائرس سامنے آ گیا

اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مراز نے پاکستان میں دو کرونا وائرس کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ متاثرہ افراد میں سے ایک کا تعلق کراچی اور دوسرے کا قبائلی علاقے سے ہے۔

ملک میں کرونا وائرس سے شکار ہونے والے دو افراد کی تفصیلات سامنے آگئیں، کراچی میں رپورٹ ہونے والے کرونا وائرس کے شخص کی شناخت یحییٰ جعفری کے نام سے ہوئی ہے جو زیارت کر کے چند روز قبل ایران سے کراچی پہنچا تھا۔

دوسرے شخص کا تعلق قبائلی علاقے سے ہے اور وہ بھی ایک ہفتے قبل ایران سے لاہور پہنچا تھا، متاثرہ شخص میں کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر اسلام آباد کے پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خون کے نمونے لے کر قومی ادارہ صحت بھیجے گئے۔

متاثرہ شخص میں کرونا وائرس کی تصدیق کے لیے ایک سے زائد بار خون کے ٹیسٹ کیے گئے اور مکمل طبی تجزیے کے بعد کرونا وائرس رپورٹ کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ علامات ظاہر ہونے پر متاثرہ شخص کی فیملی کے افراد کے بھی ٹیسٹ کیے گئے تاہم ان میں سے کسی میں بھی مہلک وبا کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے دو اسپتالوں میں کرونا وائرس کے مشتبہ کیسز کیلیے آئیسو لیشن وارڈز قائم کردیے گئے تھے اور تمام تر دستیاب سہولیات کو استعمال کیا جارہا ہے۔

اس حوالے سے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ دونوں مریضوں کا اسٹینڈرڈڈ کلینیکل علاج کیا جارہا ہے، دونوں مریضوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں معاملات کنٹرول میں ہیں، تفتان سے واپس آکر کل پریس کانفرنس کروں گا۔