کھانسنے پر تلخ کلامی لڑائی میں بدل گئی

مردان میں کھانسی پر تلخ کلامی لڑائی میں بدل گئی، ڈنڈوں اور تیز دھار آلے کے وار سے 3 افراد ‏زخمی ہوگئے۔

کورونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود عوام کی بڑی تعداد ایس او پیز پر پوری طرح سے عملدرآمد ‏نہیں کر رہی، ماسک نہ پہننے پر کہیں دکانداروں اور گاہوں میں تکرار کے واقعات سامنے آئے ہیں ‏تو کہیں سماجی فاصلہ نہ رکھنے پر شہری آپے سے باہر ہوئے۔

ایسا ہی ایک واقعہ مردان میں پیش آیا جہاں عوامی مقام پر کھانسے سے شروع ہونے والی تکرار ‏لڑائی کی شکل اختیار کر گئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کاٹلنگ روڈ گاؤں سلطان محمود میں کھانسنے پر لوگ آپس میں لڑ پڑے۔ ‏ایک شخص کے کھانسنے پر ساتھ کھڑے دیگر افراد نے پوچھا کہ کہیں کورونا تو نہیں ؟ جس پر تلخ ‏کلامی ہوئی اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔

لڑائی کے دوران ایک دوسرے پر لاتوں، گھوسوں اور ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جب کہ تیز ‏دھار آلے کے وار سے 3 افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے قانونی کارروائی شروع کر دی اور لڑائی جھگڑے میں ملوث ‏افراد کی شناخت کر کے ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔