پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا قتل : چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کا نوٹس

پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا قتل : چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ

کوئٹہ : چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے غیرت کے نام پر جوڑے کے قتل کا نوٹس لے لیتے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بلوچستان کو 22 جولائی کو طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے مارگٹ سنجدی ڈیگاری میں خاتون، مرد قتل واقعے سے متعلق ویڈیو اور خبروں کا واقعے کا نوٹس لے لیا۔

رجسٹرار بلوچستان ہائیکورٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ چیف جسٹس عدالت عالیہ روزی خان بڑیچ نے پرنٹ و سوشل میڈیا پر شائع خبروں اور ویڈیوز کا نوٹس لے لیا ہے، ویڈیو اور خبروں میں مارگٹ ڈیگاری کے مقام پر پسند کی شادی / نکاح کرنے پر ایک جوڑے کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے کا ذکر ہے۔

چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بلوچستان کو 22 جولائی کو طلب کرلیا ہے۔

مزید پڑھیں : بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے قتل کا مقدمہ درج، اہم انکشافات

یاد رہے گذشتہ روز بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو قتل کرنے کا واقعہ سامنے آیا تھا، فائرنگ کے دردناک مناظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل ہوئی۔

بتایا جاتا ہے میاں بیوی ڈیڑھ سال سے روپوش تھے، دونوں کو دعوت کے بہانے بلایا گیا، جرگے میں فیصلہ سنایا گیا اور پھر کھلے میدان میں لے جا کر گولیاں چلا دی گئیں۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے ایکس پر بتایا مقتولین کی شناخت ہوگئی ہے اور قاتل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بعد ازاں بلوچستان میں میاں بیوی کے بہیمانہ قتل میں ملوث 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا تھا، گرفتار شدگان میں ساتکزئی قبیلے کا سربراہ بھی شامل ہے۔