بھارت کی ریاست تلنگانہ میں ٹرین کے آگے کود کر خودکشی کرنے والے نوبیاہتے جوڑے کی چند لمحے قبل ریکارڈ کی گئی ویڈیو سامنے آگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والے نوبیاہتے جوڑے انیل اور شیلجا کی شادی ایک سال قبل ہوئی تھی اور انہوں نے خاندان میں بدنامی سے دلبرداشتہ ہو کر موت کو گلے لگایا۔
شیلجا نے خودکشی سے چند لمحے قبل شوہر کے ہمراہ آخری ویڈیو بیان ریکارڈ کیا اور اسے مقامی پولیس تھانے کے سب انسپکٹر کو ارسال کیا۔
ویڈیو میں شیلجا کا کہنا تھا کہ خالہ نے ایک غلطی پر مجھے پورے خاندان میں بدنام کر دیا حالانکہ میرے سسرال والوں نے مجھے اس غلطی پر معافی کر دیا تھا۔
شیلجا نے کہا کہ خالہ کے بدنام کرنے پر پورے خاندان میں بے عزتی محسوس ہوئی اور اب انیل کے ساتھ خودکشی کرنے جا رہی ہوں، ہماری خودکشی کا ذمہ دار خالہ کو ٹھہرایا جائے۔
جوڑے نے ویڈیو میں بتایا تھا کہ وہ گوداوری ندی میں کود کر خودکشی کرنے جا رہے ہیں۔
سب انسپکٹر نے فوری طور پر ٹیم کو ندی پر بھیجا لیکن وہاں جوڑے کا نام و نشان نہیں تھا۔ پولیس نے ان کے موبائل فون کو ٹریس کرتے ہوئے لوکیشن کا پتا لگایا جو فقیر آباد اور مٹھا پور کے درمیان کی تھی۔
چند گھنٹوں بعد پولیس کو فقیر آباد اور مٹھا پور کے درمیان ریلوے کی پٹریوں سے جوڑے کی لاشیں ملیں جو ٹرین کی زد میں آگئے تھے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلیے اسپتال منتقل کر دیا جبکہ ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا، تاہم اب تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ شلجا کی ایسی کون سے غلطی کی تھی جس کے باعث بدنامی پر اس نے موت کو گلے لگایا۔