کراچی : سیشن عدالت نے دعا زہرا کے شوہر ظہیر اور اس کے بھائی شبیر کی ضمانت منظورکر لی اور 25جولائی کو پیش ہونے کا حکم دیا۔
تفصیلات کے مطابق سٹی کورٹ نے دعا زہرا کے مبینہ اغوا کیس دعا زہرا کے شوہر ظہیر اور اس کے بھائی شبیر کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
عدالت نے ظہیر اور شبیر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک ایک لاکھ زرضمانت جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے 25جولائی کو پیش ہونے کا حکم دیا۔
ڈسٹرک جج کے روبرو دعا زہرا کے شوہر ظہیر اور اس کے بھائی شبیر نے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں کہا گیا تھا کہ پسند کی شادی کی ہے، مقدمے اور الزامات کا سامنا کرنا چاہتے ہیں، پولیس کو گرفتاری سے روکا جائے۔
اس سے قبل دعا زہرا بازیابی کیس سے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی تھی ، جس میں حکومت سندھ اور وفاقی حکومت کے وکیل نے دعا کو کراچی منتقل کرنے کی حمایت کی۔
سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ چونکہ مقدمہ کراچی میں زیرسماعت ہے، اس لیے ریاستی تحویل میں لڑکی کو کراچی منتقل کیا جائے۔
جس پر جسٹس محمداقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیے تھے کہ جرم کراچی میں ہوا، مقدمہ کراچی میں ہےتوسماعت بھی کراچی میں ہوگی، لڑکی کو کراچی لانا ہوگا،کراچی میں بھی لڑکی کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا پولیس نے اعتراف کیا ہے دعا زہرا کے اغوا کے وقت ظہیر کراچی میں تھا، لڑکی کو والدین نہیں بلکہ شوہر سے جان کا خطرہ ہے لیکن وکیل صفائی کا یہی اصرارتھالڑکی کوکراچی منتقل نہیں کیاجاسکتا۔
جس پر عدالت نے قرار دیا دعا زہرا کم عمر ثابت ہوچکی ہے، اس کےبیان کی کوئی اہمیت نہیں، چاہتے ہیں جہاں کیس زیر التوا ہےلڑکی کووہیں کےشیلٹرہوم میں رکھا جائے۔