گڈ ٹو سی یو،ان نیو کچہری، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کا جج سے مکالمہ

چیئرمین پی ٹی آئی

اسلام آباد: عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کارروائی سےمتعلق کیس کی سماعت سترہ جولائی تک ملتوی کردی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے جج ہمایوں دلاور سے مکالمے میں کہا گڈ ٹو سی یو،ان نیو کچہری۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف الیکشن کمیشن کی توشہ خانہ فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاورنے کی ، وکیل سعد حسن نے استدعا کی کہ کچہری کی شفٹنگ ہو رہی ہے چاہتے ہیں سماعت پیر تک ملتوی کر دی جائے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر گوہر عدالت میں پیش ہوئے، جج ہمایوں دلاور نے بیرسٹر گوہر سے مکالمے میں کہا کہ بیرسٹر صاحب آج کل بہت مصروف ہیں، جس پر وکیل نے بتایا کہ امجد پرویز آج پیش نہیں ہو سکتے وہ بھی سماعت پیر تک ملتوی کرنے کی استدعا کر رہےہیں۔

جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ پیر کو نئی کچہری میں سماعت کریں گے تو بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ نئی کچہری میں نئے ماحول کے ساتھ سماعت ہو گی، گڈ ٹو سی یو،ان نیو کچہری۔

بیرسٹر گوہر نے استدعا کی کہ پیر کو دن 11بجے کا ٹائم رکھ لیں، عدالت نے الیکشن کمیشن کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔