چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کی دیوار تڑوا دی ہے، کمرہ بھی تڑوادوں کیا، جج کا وکیل پی ٹی آئی سے مکالمہ

جج ابوالحسنات ذوالقرنین

اسلام آباد : خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل کے جیل میں کمرہ عدالت چھوٹا ہونے کے شکوے پر کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کی دیوار تڑوادی، کمرہ بھی تڑوادوں کیا۔

تفصیلات کے مطابق آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی وکلا سے ملاقات کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی ، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا نے جج ابوالحسنات ذوالقرنین سے مکالمےمیں کہا کہ آپ کے آرڈرز پرعملدرآمد نہیں ہوتا، وکلا کو چیئرمین پی ٹی آئی سےملنےنہیں دیاجاتا۔

جس پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی اہم شخصیت ہیں اُن کی زندگی کو تحفظ دینا ضروری ہے، انتظامی معاملات جیل مینوئل کے مطابق چلتےہیں، سپرنٹنڈنٹ جیل کو شٹ اپ کال دی تھی اور سائیکل بھی مہیاکروائی، آپ میٹھا میٹھا ہپ ہپ، کڑوا کڑوا تھوتھو کررہے ہیں۔

سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ سائفر کیس سیکرٹ طریقہ کار سے چلایا جارہا ہے، صحافیوں کو بھی کوریج کی اجازت نہیں، جس پر جج ابوالحسنات نےکہاکہ سائفرکیس ہے ہی سیکرٹ ایکٹ کے تحت، ہم نے تونہیں بنایا، قانون انیس سوتئیس کا ہے، صحافیوں سےسائفرکیس کوور کرنےپر کوئی مسئلہ نہیں، صحافی قابل احترام ہیں۔

نعیم پنجوتھا نے شکوہ کیا اڈیالہ جیل میں کمرہ عدالت بہت چھوٹا ہے، جس پر جج نےکہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے سیل کی دیوار تڑوادی، کمرہ بھی تڑوادوں کیا۔

جج ابوالحسنات کا کہنا تھا کہ اٹک جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی سے بات ہوئی، انہوں نےبتایا جیل میں محفوظ محسوس کررہاہوں، آپ جاکر پوچھیں انہوں نے مجھے یہ نہیں کہا، بیس سال وکالت کی، وکالت کرنا آسان ہے، جج کی کرسی پر بیٹھنا مشکل ہے، کیا اسلام آباد ہائیکورٹ سے چیئرمین پی ٹی آئی کے حوالے سے کوئی ڈائریکشن ملی۔

نعیم پنجوتھا نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہمارے معاملات پینڈنگ رہتے ہیں، جس پر جج ابوالحسنات نے پوچھا مجھے کوئی ایسی درخواست بتا دیں جومسترد کی، تونعیم پنجوتھا نے کہا کہ آپ نے درخواست ضمانت مسترد کی، فرد جرم روکنے کی درخواست مسترد کی۔

جج نے کہا کہ قانونی درخواستوں کی بات نہ کریں، ملاقات سے متعلق درخواستوں کا کہہ رہا ہوں، جج ابوالحسنات نے چیئرمین پی ٹی آئی سے وکلا کی ملاقات پرسپرنٹنڈنٹ جیل کو ہدایت جاری کردی۔