ممبئی: بالی وڈ کی معروف اداکارہ امیشا پٹیل کو عدالت نے فلم پروڈیوسر کی جانب سے دائر کیے گئے فراڈ کیس میں طلب کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رانچی عدالت نے امیشا پٹیل کے ساتھ ان کی کمپنی کے شراکت دار کنال گرومر کو بھی نوٹس جاری کر دیا گیا جس میں دونوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 27 فروری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
نوٹس کے مطابق بالی وڈ اداکارہ اور کنال گرومر کا فراڈ اور چیک ہاؤنس کے بعد فلم نہ کرنے کے کیس میں بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔ فلم پروڈیوسر اجے کمار سنگھ نے سال 2018 میں امیشا پٹیل کے خلاف فراڈ اور چیک باؤنس کا مقدمہ درج کروایا تھا۔
اجے کمار سنگھ کے وکیل کے مطابق ’اس سے قبل عدالت نے کیس میں کئی بار اداکارہ کو حاضری کے سمن جاری کیے تھے لیکن وہ پیش نہ ہوئیں، بعد ازاں ان کے وارنٹ جاری کیے گئے تھے۔‘
دراصل فلم پروڈیوسر نے فلم ’دیسی میجک‘ کیلیے امیشا پٹیل کے بینک اکاؤنٹ میں ڈھائی کروڑ روپے ٹرانسفر کیے تاہم بعد میں اداکارہ نے فلم کرنے سے انکار کر دیا تھا اور اجے کمار سنگھ کو رقم لوٹانے کیلیے ڈھائی کروڑ روپے کا چیک دیا جو باؤنس ہوگیا تھا۔
اگست 2022 میں سپریم کورٹ نے امیشا پٹیل کے خلاف فوجداری کارروائی کو روکنے کا حکم جاری کیا تھا جس کیلیے ریاست جھارکھنڈ کی ٹرائل کورٹ نے سمن جاری کیا تھا۔