اسلام آباد (22 جولائی 2025): عدالت نے بیرون ملک مقیم شہری کا بغیر کسی مقدمہ حفاظتی ضمانت مانگنے پر حیرانگی کا اظہار کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں بیرون ملک مقیم شہری طارق عزیز کی حفاظتی ضمانت کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس خادم حسین سومرو نے شہری کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے بغیر کسی مقدمہ حفاظتی ضمانت مانگنے اور رجسٹرار آفس کا اس پر کوئی اعتراض نہ ہونے پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ مقدمہ کیا ہے اور درخواست گزار کس وجہ سے حفاظتی ضمانت مانگ رہا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اینٹی کرپشن پنجاب نے نوٹس بھیجا ہے۔ نوٹس میں گواہ، ملزمان اور مدعی کا بھی لکھا ہوا ہے، تاہم مقدمےکی کاپی نہیں ہے۔ مقدمے کی معلومات اور کاپی کیلیے کوشش کی لیکن نہیں ملی۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے کہا کہ جب کوئی مقدمہ ہی نہیں تو ہم حفاظتی ضمانت کیسے دے سکتے ہیں۔ عدالت کوئی ایسی روایت قائم نہیں کر سکتی، جو بعد میں غلط استعمال ہو۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مقدمہ کی نقل یا حوالہ نہ ہونے پر رجسٹرار آفس کی جانب سے اعتراض نہ ہونا بھی حیران کن ہے۔
بعد ازاں درخواست گزار کی جانب سے درخواست واپس لینے کی استدعا پر عدالت نے کیس نمٹا دیا۔