دنیا بھر میں ہلاکت خیزیوں وجہ سے تہلکہ مچا دینے والی وبا کورونا اب نئی شکل میں بھارت میں دوبارہ پنجے گاڑ رہی ہے اور وہاں کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برطانیہ میں خوفزدہ کرنے والی کورونا کی نئی شکل اب ہندوستان میں بھی داخل ہو گئی ہے۔ Eris (EG.5.1) نام سے معروف کورونا وائرس کے اس قسم کے کیسز کے مریضوں کا ریاست مہاراشٹر میں نمایاں طور پر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
مہاراشٹر میں گزشتہ ماہ جولائی کے آخر میں کورونا وائرس کے 70 ایکٹو کیسز تھے تاہم اگلے 6 دنوں میں یہ تعداد اچانک بڑھ کر 115 تک پہنچ گئی۔
کورونا وائرس کی اس نئی قسم سے سب سے زیادہ متاثر شہر ممبئی ہے جہاں مریضوں کی تعداد 43 ہے جب کہ پونے میں 34 اور تھانے نامی علاقے میں 25 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ رائے گڑھ، سانگلی، شولا پور، ستارا اور پال گڑھ میں ہر ایک میں کووڈ-19 کا ایک کیس رپورٹ ہوا۔
واضح رہے کہ 2019 کے آخر میں چین سے شروع ہونے والی یہ عالمی وبا دیکھتے ہی دیکھتے دنیا بھر میں پھیل گئی تھی اور اس سے لاکھوں اموات اور کروڑوں متاثر ہوئے تھے۔ بڑے متاثرہ ممالک میں امریکا، برطانیہ کے علاوہ بھارت بھی شامل تھے۔
اس وبا کے باعث دنیا منجمد ہوگئی تھی اور لاک ڈاؤن نے عالمی معیشت کو تہہ وبالا کر دیا تھا۔ تاہم مختلف ممالک میں اس کی ویکسین بنائے جانے کے بعد آہستہ آہستہ اس وبا پر قابو پایا گیا اور رواں سال اقوام متحدہ کے ماتحت ادارے نے اس حوالے سے عالمی ایمرجنسی ختم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔