ٹوکیو: کرونا وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے معاشی معاملات کی وجہ سے جاپان کی 1500 سے زائد کمپنیاں بند ہوگئیں ہیں۔
جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کے کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں معاشی حالات پر نظر رکھنے والے تحقیقی ادارے نے کرونا کے بعد پیش آنے والے معاشی حالات کے حوالے سے رپورٹ جاری کی۔
کریڈٹ ریسرچ کمپنی تیئکو کو ڈیٹا بینک کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ عالمگیر وبا کے باعث جاپان میں گزشتہ سال فروری سے اب تک 1500 کمپنیاں دیوالیہ ہوچکی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنیوں نے یا تو پہلے ہی دیوالیہ ہونے کا اعلان کر دیا ہے یا انہیں کاروبار ختم کرنے کے عمل کیلئے بند کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں: مرغیوں میں کرونا سے مماثلث رکھنے والی بیماری پھیلنے کا انکشاف
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کرونا وبا کی وجہ سے جاپان میں سب سے زیادہ ریسٹورنٹ کی صنعت متاثر ہوئی، جس سے وابستہ 250 افراد نے کمپنیاں بند کرنے کا اعلان کیا۔دوسرے نمبر پر تعمیراتی شعبے اور تیسرے پر ہوٹل کا شعبہ متاثر ہوا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تعمیراتی شعبے میں 140 اور ہوٹل کے شعبے کی 89 کمپنیاں دیوالیہ ہوئیں ہیں۔ ڈیٹا بینک کے مطابق کمپنیوں کی تعداد میں اضافہ رواں سال جنوری کے بعد ہوا۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کرونا کی دوسری لہر کے دوران حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی وجہ سے ملک بھر کے تاجر متاثر ہوئے۔
تیئکوکُو ڈیٹا بینک کا کہنا ہے کہ ریستوران اور ہوٹل وغیرہ کی کمپنیوں پر پڑنے والے اثرات متعلقہ صنعتوں تک پھیل رہے ہیں۔ جب ایک ہوٹل بند ہوتا ہے تو مرمت اور بجلی کے کام میں مہارت رکھنے والے چھوٹے اور درمیانے سائز کے ٹھیکے داروں کو بھی اپنا کام بند کرنا پڑتا ہے۔