بھارت میں‌ ویلنٹائن ڈے کے روز گائے کو گلے لگانے کا فیصلہ واپس

بھارت میں ویلنٹائن ڈے کو گائے کو گلے لگانے کا دن منانے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اینمیل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ 14 فروری کو گائے کو گلے لگانے کا دن منایا جائے تاہم اب یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا ہے۔

اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا کی اس اپیل پر سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی گئی اور مذاق اڑایا گیا جس کے بعد اب ویلفیئر بورڈ نے یہ اپیل واپس لے لی ہے۔

اینیمل بورڈ کی جانب سے گائے کو گلے لگانے کا دن منانے کی اپیل کا معاملہ بھارتی پارلیمنٹ پہنچا اور کئی اپوزیشن رہنماؤں نے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ بھارت میں گائے کو مذہبی درجہ حاصل ہے اور ہندوؤں کی بڑی تعداد اس کی پوجا کرتی ہے، یہی وجہ ہے کہ بھارت میں گائے کے ذبیحہ پر پابندی عائد ہے۔