گوادر : پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت پینتالیس کنٹینرز کا پہلہ قافلہ گوادر پہنچ گیا، قافلے نے اکتیس اکتوبر کو چین کے شہر کاشغر سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق چین سے آنے والے پینتالیس کنٹینرز کا پہلا قافلہ پاک چین اقتصادی راہداری سے ہوتا ہوا گوادر پہنچ گیا، اس تجارتی قافلے کے بقیہ کنٹینرز کل گوادر پہنچیں گے۔
تجارتی قافلہ پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ سے ہوتا ہوا گوادر پہنچا ہے، اس قافلے کو پاک فوج اور ایف سی کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی، گوادر پہنچنے پر قافلے کا شاندار استقبال کیا گیا۔
یاد رہے کہ تجارتی مال لیکر آنے والے اس قافلے نے اکتیس اکتوبر کو چین کے شہر کاشغر سے اپنے سفر کا آغاز کیا تھا اور ہنزہ کے گاؤں سوست میں مختلف سامان سے لدے ہوئے لگ بھگ سو کنٹینرز پہنچے۔
مزید پڑھیں : پاک چین راہداری منصوبہ کے تحت باقاعدہ تجارت کا آغاز
جس کے بعد پاک فوج اور پولیس کی سخت ترین سیکورٹی میں چین سے لایا گیا سامان ایبٹ آباد سے سینکڑوں ٹرکوں اور کنٹینرز کے زریعے گوادر روانہ کردیا گیا تھا۔
افتتاحی تقریب کا انقعاد سوست پورٹ پر ہوا، سوست کراکرم ہائی وے میں پاکستان کا آخری قصبہ ہے، افتتاحی تقریب میں چینی حکام کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ حفیظ الرحمٰن اور فورس کمانڈر ثاقب محمود ملک نے بھی شرکت کی۔
وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ حکومت نے گلگت بلتستان کیلئے باہتر ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا، جس سے علاقے میں ٹیکنولوجیکل بہتری آئے گی۔
خیال رہے کہ رواں سال اگست میں گوادر پورٹ اتھارٹی کے چیئرمین دوستین جمالدینی کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے پر پیشرفت کا آغاز ہوگیا ہے، اگلے چند ماہ کے دوران گوادر میں تین
بڑے منصوبوں پر کام شروع ہوجائے گا۔