سی پیک کی تعمیر میں کامیابی کا تناسب 90 فیصد ہے، چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ

اسلام آباد: چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے کہا ہے کہ سی پیک کی تعمیر میں کامیابی کا تناسب 90 فیصد ہے، کامیابی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبوں میں کامیابی انتہائی اہمیت رکھتی ہے، امید ہے وقت کیساتھ سی پیک میں سیکیورٹی کا مسئلہ بھی حل ہو جائیگا، سی پیک کے ثمرات پورے خطے میں پھیل سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین انسداد دہشتگردی پر ایک دوسرے سے تعاون کر رہے ہیں، ترقی کی راہ میں مسائل ترقی کی رفتار تیز کرنے سے ختم کیے جا سکتے ہیں۔

جیانگ زائی ڈونگ کا کہنا تھا کہ تعاون میں مسائل پر باہمی تعاون کو مستحکم کرنے سے قابو پایا جاسکتا ہے، پاکستانی عوام سی پیک کے تحت تعاون کی حمایت کرتے ہیں۔

چینی سفیر نے کہا کہ پاکستانی حکومت دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے پرعزم ہے، اس کے باعث پاکستان کی معیشت میں بہتری ہوئی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی شرح نمو 2.6 فیصد بڑھی ہے، افراطِ زر میں بھی کمی دیکھنے کو مل رہی ہے، پاکستان کی ترقی کی شرح اور اسٹریٹجک صلاحیتوں میں بہت اضافہ ہوا، سی پیک ہمیشہ کی طرح دونوں ممالک کے رہنماؤں کی توجہ کا مرکز ہے۔

چینی سفیر نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت ایک دوسرے ممالک کا دورہ کرتی رہتی ہیں، سی پیک دوسرے مرحلے کا اہم حصہ ترقی کی بنیاد کی مضبوطی اور رفتار میں تیزی لانا ہے۔

https://urdu.arynews.tv/balochistan-people-benefits-of-cpec/