بلوچستان میں جعلی شناختی دستاویزات بنانے والوں کیخلاف کارروائی شروع

کراچی : عوامی مرکز میں نئے نادرا سینٹر کا افتتاح

کوئٹہ: بلوچستان کی نگراں حکومت نے صوبے میں جعلی شناختی دستاویزات بنانے والوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی۔

نگراں وزیر اطلاعات و نشریات بلوچستان جان اچکزئی نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ نادرا اب تک تقریباً ایک لاکھ جعلی شناختی کارڈ بلاک کر چکی ہے، صرف کوئٹہ میں 40 ہزار جعلی کارڈ بلاک کیے گئے، جعلی شناختی کارڈ بنانے والوں کا پوری طاقت سے تعاقب کیا جائے گا۔

جان اچکزئی نے واضح کیا کہ حکومت صرف غیر قانونی مقیم افراد کو واپس بھیج رہی ہے، افغان مہاجرین کو زبردستی نکالنے کا تاثر غلط ہے، غیر قانونی تارکین وطن کسی بھی ملک سے ہوں واپس بھیجیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے اکثر ممالک میں ایسے لوگوں کو جیل میں سزا کے بعد بے دخل کیا جاتا ہے، پاکستان غیر قانونی افراد پر احسان کر رہا ہے۔

نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان کے وزیر دفاع کی تنقید بے جا ہے، افغان مہاجرین کو زبردستی نہیں نکال رہے، ہم صرف ان لوگوں کو ڈی پورٹ کر رہے ہیں۔

جان اچکزئی نے کہا کہ 40 سال سے زیادہ افغانوں کی مہمان نوازی کر رہے ہیں، غیر قانونی تارکین وطن کو بھیجنا پاکستان کا اندرونی فیصلہ ہے، اگر پولیس سے کوئی شکایت ہے تو ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 50 ہزار لوگ رضاکارانہ طور پر جا چکے ہیں۔