بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدرآباد میں ایک کرکٹ گیند نے پولیس کو سالوں پرانے انسانی ڈھانچے تک پہنچا دیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق نامپلی کے علاقے میں بچے گلی میں کرکٹ کھیل رہے تھے جہاں ان کی گیند ایک ایسے لاوارث گھر میں جا گری جو کئی سالوں سے بند پڑا ہے۔
بچے جب گیند لینے کیلیے دیوار پھلانگ کر گھر کے اندر پہنچے تو ان کی چیخیں نکل گئیں۔ بچوں نے وہاں انسانی ڈھانچہ دیکھا اور علاقہ مکینوں کو اطلاع دی جس کے بعد پولیس کو طلب کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: سالوں سے بند گھر سے انسانی ڈھانچے برآمد
پولیس ٹیم لاوارث گھر کا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئی جہاں انسانی باقیات پائی گئیں، پولیس حکام کے مطابق مرنے والا شخص 2015 سے اس مکان میں اکیلا رہ رہا تھا۔
پولیس کو انسانی باقیات کے قریب سے ایک پرانے ماڈل کا موبائل فون بھی ملا جسے آن کیا گیا تو اس پر 80 سے زائد مس کالز اور متعدد پیغامات تھے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق متوفی غیر شادی شدہ تھا اور مکان میں اکیلا رہتا تھا۔ اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کا اس سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا اور وہ سمجھ رہے تھے کہ متوفی کہیں لاپتا ہوگیا ہے۔
اکیلے رہنے کی وجہ سے پولیس کو اس کے لاپتا ہونے کی شکایت موصول نہیں ہوئی تھی۔
پولیس حکام نے کہا کہ یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس کی موت کب اور کیسے ہوئی، ڈھانچے کو طبی معائنے کیلیے بھیج دیا گیا ہے، اگرچہ موت قدرتی لگتی ہے لیکن فارنزک سائنس لیب کی رپورٹ میں درست وجہ معلوم ہو سکے گی۔