کراچی: پیپلزپارٹی سندھ کے نومنتخب صدر نثار کھوڑونے کہا ہےکہ شہر قائد میں تعصب کی سیاست اور دہشت گردی نے بہت کچھ برباد کیاہے، گھر کے بھیدی اور جرم کے ساتھی اب ایک دوسرے کے راز کھول رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں کارکنوں سے خظاب کرتے ہوئے کیا۔ سندھ کے نومنتخب صدر نے کہا کہ مسلم لیگ ن اب اسٹیٹ بینک کو لاہور منتقل کرنے کی سازش کررہی ہے جو قابلِ مذمت ہے۔ پیپلزپارٹی کراچی کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی پی کے جیالوں نے ہمیشہ جمہوریت کی خاطر قربانی دی، پارٹی کے کارکنان کراچی میں جلد تنظیم سازی کرکے بھٹو نظریے کو مضبوط کریں، اُنہوں نے جمہوریت کے تحفظ اور اس کا عزم ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو کراچی نہیں آنے دیں گے۔
پڑھیں: بلاول بھٹو زرداری نے نثار کھوڑو کو سندھ کا صدر منتخب کردیا
مزید پڑھیں: گورنر اور مصطفیٰ کمال تنازعہ، پی ٹی آئی کی سندھ اسمبلی میں تحریک التوا جمع
یاد رہے گزشتہ روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اہم پارٹی رہنماؤں کے اجلاس میں نثار کھوڑو کو صوبہ سندھ کا صدر بنانے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد نو منتخب صدر نے پارٹی رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی کارکنان کو اگلے الیکشن کی تیاری کے احکامات دئیے تھے۔