دنیائے فٹبال کے عظیم کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی ریٹائرمنٹ کے پلان سے پردہ اٹھاتے ہوئے اہم بیان جاری کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو اگلے دو یا تین سال تک ریٹائر ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے، اسٹار فٹبالر کے اس بیان نے ان کے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کیا۔
رونالڈو نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا ہے کہ وہ اپنے موجودہ سعودی کلب ’النصر‘ کے ساتھ کیریئر کا خاتمہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ اپنے پہلے کلب اسپورٹنگ لزبن میں واپس نہیں جائیں گے۔
رونالڈو نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ میں دو یا تین سال میں ریٹائر ہونے والا ہوں لیکن یہ بات طے ہے کہ میں اپنے کیریئر کا اختتام النصر سے ہی کروں گا۔
’میں اس کلب میں بہت خوش ہوں اور مجھے سعودی عرب میں رہتے ہوئے اچھا لگ رہا ہے۔ میں یہاں کھیلنا جاری رکھنا چاہتا ہوں۔‘
یاد رہے کہ رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ کلب چھوڑ کر دسمبر 2022 میں سعودی پرو لیگ چلے گئے تھے۔ انہوں نے کلب کیلیے 48 میچوں میں 50 گول داگے ہیں۔
میڈیا کے مطابق کلب کے ساتھ معاہدے کی مالیت 220 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔
39 سالہ اسٹار فٹبالر نے یورو 2024 میں پرتگال کے تمام میچوں کا آغاز کیا تھا جہاں وہ پینلٹی پر فرانس سے ہارنے سے پہلے کوارٹر فائنل میں پہنچے تھے۔