کوئٹہ : سی ٹی ڈی سے مقابلے کے بعد 5 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ : بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے، دہشت گردوں کے زیراستعمال کمپاؤنڈ سے اسلحہ وگولہ بارودبرآمد کرلیا گیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 5 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔

اطلاعات کے مطابق مشرقی بائی پاس کے قریب دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق اور چار افراد شدید زخمی ہو گئے۔ سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق پیر کی رات دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مغربی بائی پاس کے علاقے میں آپریشن کیا گیا اس دوران دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جوابی فائرنگ سے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے زیراستعمال کمپاؤنڈ سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرلیا گیا ہے، سکیورٹی فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا۔

قبل ازیں مشرقی بائی پاس پر قائم ایک دکان پر دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو کی ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچیں۔ سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ امدادی ٹیموں نے ایمبولینسوں کے ذریعے دھماکے میں زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کیا۔

ہسپتال انتظامیہ کے مطابق حملے میں زخمی ہونے والا شہری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا ۔ادھر سکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے دہشت گرد عناصر کی تلاش شروع کر دی ہے۔