یومِ دفاع پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 3 دہشتگرد گرفتار

یومِ دفاع پر دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 3 دہشتگرد گرفتار

جامشورو(29 اگست 2025): سی ٹی ڈی نے جامشورو  میں ہونے والے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کی تفصیلات جاری کردی۔

تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حیدرآباد نے کوٹری کے قریب بھولاری ریلوے ٹریک کے نزدیک بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی نے رات گئے جامشورو میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران چھ ستمبر پر دہشت گردی کا منصوبہ بنانے والے تین دہشت گرد گرفتار کرلیے جس کی شناخت حنیف بھٹ، معشوق رند اور شیر علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے دستی بم، بارودی مواد اور ممنوعہ اسلحہ و گولیاں برآمد ہوئی ہے، ملزمان سندھ سے پنجاب جانیوالے کارگو  ٹرالرز پر فائرنگ میں بھی مطلوب ہیں، دہشتگرد حنیف بھٹ سی ڈی ٹی حیدرآباد کو دہشتگردی کیس میں انتہائی مطلوب تھا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان دہشتگرد کارروائیاں نور چانڈیوں کے کہنے پر کرتے تھے، مکمل ہدایات گرفتار دہشتگرد ارباب بھیل سے ہالار چانگ کی معرفت ملتی تھی۔

سی ٹی ڈی کے مطابق نور چانڈیو کے کہنے پر 14 اگست کو حیدرآباد میں بھی دہشتگردی کا منصوبہ بنایا گیا تھا، قانون نافذ کرنیو الے اداروں کی سخت سیکیورٹی کی وجہ سے دہشتگرد ناکام رہے۔

ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے مطابق ان کا گروپ 2 حصوں میں تقسیم ہوگیا تھا، ایک گروپ عامر لطیف چانگ، شعیب چانگ، شعبان چانگ گرفتار ہوچکے ہیں، گرفتار ملزم حنیف بھٹ بھاگنے میں کامیاب ہوگیا تھا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ملزمان صلح نامہ کرکے گزشتہ روز ریلوے ٹریک بھولاری پر تخریب کاری کرنے والے تھے، گرفتاری کی وجہ سے ملزمان اپنے منصوبے میں ناکام ہوگئے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگردوں کے مطابق اگر آج گرفتار نہ ہوتے تو 6 ستمبر کو دہشتگردی کا منصوبہ بنایا تھا، تمام دہشتگردوں کو فنڈنگ ہالار چانگ کے ذریعے ہوتی تھی، گرفتار تمام دہشتگرد ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔