محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے ملک کے مختلف شہریوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 34 دہشتگرد گرفتار کر لیے۔
ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی ڈی نے مختلف شہروں میں 415 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، کارروائیاں لاہور، بہاولپور، ننکانہ صاحب، راولپنڈی، میانوالی، گوجرانوالہ، جہلم، نارووال، قصور، فیصل آباد، پاکپتن، سرگودھا اور ساہیوال میں کی گئیں۔
لاہور سے 2، بہاولپور سے 1 فتنہ الخوارج کا دہشتگرد دھماکا خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا، دیگر دہشتگردوں سے دھماکا خیز مواد، دستی بم، 18 ڈیٹونیٹر، حفاظتی فیوز، آئی ای ڈی و نقدی برآمد کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ، 3 دہشتگرد ہلاک، 6 فرار
دہشتگردوں میں محمد اشفاق، اسماعیل خان، نصیر اللہ، ارشاد اللہ، محمد ثاقب، محمد اسجد، محمد شعیب، عزیز اللہ، اور حبوب شاہ و دیگر شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حساس مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کر چکے تھے، رواں ماہ 5045 کومبنگ آپریشنز کے دوران 604 مشتبہ افراد گرفتار کیے جبکہ 209518 افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔
چند روز قبل ساہیوال میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کا دہشتگرد گرفتار کیا تھا۔ دہشتگرد سے اسلحہ، بارودی مواد، پرائما کارڈ، ڈیٹونیٹر اور بیٹری برآمد کی گئی تھی۔
ملزم کی شناخت شادو خان کے نام سے ہوئی جس کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔