شمالی وزیرستان: میران شاہ سمیت ضلع بھر میں کرفیو نافذ

شمالی وزیرستان: میران شاہ سمیت ضلع بھر میں کرفیو نافذ

شمالی وزیرستان: ضلعی انتظامیہ نے میران شاہ سمیت ضلع بھر میں کرفیو نافذ کردیا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو صبح 5 بجے سے شام 7 بجے تک نافذ رہے گا۔ کرفیو کے دوران تمام مین شاہراہیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی۔

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرفیو کے دوران عوام گھروں میں رہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ شمالی وزیرستان میں فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 13 جوان شہید ہوگئے تھے جوابی کارروائی میں 14 خوارج کو واصل جہنم کردیا گیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 13 جوان شہید ہوئے تھے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ شہدا میں صوبیدار زاہد اقبال،حوالدار سہراب خان، حوالدار میاں یوسف شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نائیک خطاب شاہ، لانس نائیک اسماعیل، سپاہی روحیل، سپاہی محمد رمضان، سپاہی نواب، سپاہی زبیر احمد، سپاہی محمد سخی، سپاہی ہاشم عباسی، سپاہی مدثر اعجاز، سپاہی منظر علی شہدا میں شامل ہیں۔

بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کی بزدلانہ کارروائی میں دو بچے اور خاتون شدید زخمی ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ خودکش بم بار نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی قافلے سے ٹکرائی تھی، جوابی کارروائی میں 14 خوارج مارے گئے۔

سیکیورٹی فورسز کا جنوبی وزیرستان میں آپریشن، بھارتی حمایت یافتہ 11فتنہ الخوارج ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، بہادر جوانوں اور شہریوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو تقویت دیتی ہیں۔