شمالی وزیرستان میں 4 روز کے لیے کرفیو نافذ

(یکم اگست 2025): شمالی وزیرستان میں چار روز کے لیے کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے کرفیو کا اطلاق آج شام 7 بجے سے 4 اگست کی صبح 5 بجے تک ہوگا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈپٹی کمشنر نے شمالی وزیرستان میں چار روز کے لیے کرفیو نافذ کر دیا ہے۔ کرفیو کا اطلاق آج یکم اگست (جمعہ) شام 7 بجے سے 4 اگست کی صبح 5 بجے تک ہوگا۔

اس دوران بنوں سے تحصیل دتہ خیل اور رزمک سب ڈویژن سے تحصیل غلام خان تک کرفیو نافذ رہے گا۔

کرفیو کے دوران ضلع بھر کی مرکزی شاہراہیں عام ٹریفک کے لیے بند رہیں گی جب کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑیاں نقل وحرکت میں مصروف رہیں گی۔

ڈپٹی کمشنر شمالی وزیرستان نے عوام سے کہا ہے کہ وہ ہفتہ اور اتوار کو اپنی روزمرہ کی مصروفیات ختم کر دیں۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس سے قبل بھی کئی بار کرفیو نافذ کیا جا چکا ہے۔

گزشتہ ماہ 9 جولائی کو بھی شمالی وزیرستان میں کرفیو نافذ کیا گیا تھا اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی تھی۔

https://urdu.arynews.tv/curfew-imposed-in-north-waziristan/