’’کار میں دفن ہونا پسند ہے یا جیل میں‘‘ مُردوں کیلیے من پسند تابوت تیار

لوگ زندگی کے یادگار لمحوں کے لیے پلاننگ کرتے ہیں مگر اب ان کے لیے مرنے پر بھی پسندیدہ تابوت میں دفن ہونے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

یہ موقع انگلینڈ میں میت سروس فراہم کرنے والی ایک فرم ’’گو ایز یو پلیز‘‘ فراہم کر رہی ہے جس نے لوگوں کو موت کے بعد ان کی من پسند ڈیزائن والے تابوت بنانے کی سروس شروع کی ہے۔

انگلینڈ میں میت سروس فراہم کرنے والی فرم ’گو ایز یو پلیز‘ لوگوں کی مرضی کے مطابق ڈیزائن کردہ تابوتوں کی پیشکش کررہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کمپنی نے اس حوالے سے کار، جیل، سگریٹ کا پیکٹ سمیت لوگوں کے پسندیدہ فلمی کرداروں سے سجے تابوت متعارف کرائے ہیں۔

منفرد تابوت پیش کرنے والی اس کمپنی جس کی خدمات کا دائرہ انگلینڈ کے شمال مشرق میں اور اسکاٹ لینڈ کے ایڈنبرگ تک پھیلا ہوا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ کوئی بھی ایسا آئیڈیا جس سے کسی کے غم میں کمی آسکتی ہو اس کو مارکیٹ میں لانے میں کوئی مضائقہ نہیں ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ موت زندگی کی سب سے بڑی حقیقت ہے۔ ہماری اس پیشکش کا مقصد عوام میں موت کے موضوع پر بغیر کسی گھبراہٹ کے گفتگو کو آسان بنانا اور اس سے متعلق ان کے خوف کو دور کرنا ہے۔