محکمہ کسٹم نے 3ارب27 کروڑ مالیت کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی

کراچی : محکمہ کسٹم نے مختلف کاروائیوں میں3ماہ کے دوران3ارب27 کروڑ مالیت کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی، سب سے بڑی کارروائی میں 301 کلو منشیات اور اسمگلنگ کی اشیا کی برآمدگی شامل ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ کسٹم پروینٹو اینٹی اسمگلنگ نے تین ماہ کے دوران کی گئی چھاپہ مار کارروائیوں کی تفصیل جاری کردی ہے، جسا میں کہا گیا ہے کہ3ماہ میں 3 ارب27 کروڑ مالیت کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی۔

سب سے بڑی کارروائی میں 301 کلو منشیات اور اسمگلنگ کی اشیا برآمد کی گئیں۔ دو ارب 91 کروڑ روپے مالیت کی ہیروئن، حشیش اور افیون ضبط کی گئی۔

کلکٹر کسٹم ثاقب سعید کا کہنا ہے کہ اسمگلروں نے اسمگل شدہ سامان کی فروخت کے نئے حربے شروع کر دیے، اسمگل شدہ اشیا شاپنگ مالز اور ہولسیل مارکیٹوں میں براہ راست دی جارہی ہیں۔

اسمگلر اب مصنوعات تاجروں کو ادھار پر بھی دے رہے ہیں، ایک اور کارراوئی میں شراب خانے سے شراب کی 5لاکھ مالیت کی 96 بوتلیں ضبط کی گئیں، اس کے علاوہ سگریٹ کے15704 ڈبے ضبط کیے گئے جن کی مالیت ایک کروڑ 27 لاکھ روپے ہے۔

کسٹم پروینٹو اینٹی اسمگلنگ کی رپورٹ کے مطابق دوسری کارروائی میں29 لاکھ روپے کے موبائل فون اور الیکٹرانک کیمرے ضبط کیے گئے ہیں، دو کروڑ 16 لاکھ روپے مالیت کا124296 لیٹر آئل ضبط کیا گیا۔

گاڑیوں کے 20 لاکھ روپے مالیت کے اسپئیر پارٹس تحویل میں لیے گئے،2کروڑ 32 لاکھ روپے کی دوائیں،14 لاکھ کا 4775 کلو چائنیز سالٹ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔

دو لاکھ43 ہزار کلو کے 14 کروڑ 48 لاکھ کی چھالیہ ضبط کی گئی،22لاکھ 67 ہزار کلو تمبا کو ضبط جس کی مالیت 14 کروڑ 28 لاکھ ہے۔

دو ہزار کلو بھارتی گٹکا بھی ضبط کیا گیا جس کی مالیت 9 لاکھ 15 ہزار ہے، 4320اسمگل شدہ ٹائروں کو کسٹم حکام نے تحویل میں لے لیا جس کی مالیت 4 کروڑ 33 لاکھ روپے ہے۔