اسلام آباد: نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر محکمہ کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے نایاب نسل کی ٹیرنٹولا مکڑیاں اسمگل کرنے کی کوشش نا کام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر محکمۂ کسٹمز نے کارروائی کرتے ہوئے مسافر کے سامان سے لاکھوں مالیت کی 2 نایاب نسل کی مکڑیاں برآمد کر لیں۔
ذرایع نے بتایا کہ عثمان خان ایمریٹس ایئر لائن کی پرواز ای کے 614 کے ذریعے دبئی سے اسلام آباد پہنچا تھا۔
ذرایع کا کہنا ہے کہ مسافرعثمان خان پشاور کا رہائشی ہے، اس نے ٹیرنٹولا مکڑیاں چین سے خریدی تھیں، یہ مکڑیاں کینسر کے مرض کی ادویات میں استعمال ہوتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اس معصوم سی مکڑی کو دیکھ کر مکڑیوں سے آپ کا خوف ختم ہوجائے گا
مسافر سے پکڑی گئی نایاب نسل کی مکڑیاں محکمہ وائلڈ لائف کے حوالے کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ ٹیرنٹولا مکڑیوں کا زہر مختلف اقسام کے سرطان اور مرگی کی چند خطرناک صورتوں میں مفید خیال کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قرآنی آیات کی آڑ میں ہیروئن اسمگلنگ کے مکروہ کاروبار کا انکشاف
ٹیرنٹولا کی چند اقسام کی دنیا بھر میں غیر قانونی تجارت عام ہے، حال ہی میں فلپائن کے کسٹم حکام نے پولینڈ سے ایک گفٹ باکس میں اسمگل ہونے والی سیکڑوں زندہ ٹیرنٹولا مکڑیاں پکڑی تھیں۔