علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منشیات کی بھاری کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

لاہور ایئرپورٹ سے نائیجیرین باشندہ گرفتار، پیٹ سے کوکین بھرے کیپسولز برآمد

لاہور : علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منشیات کی بھاری کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کر لی، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 3 کروڑ 10 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔

کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ بنکاک سے آنے والی تھائی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے ایک غیر ملکی مسافر لاہور پہنچا ،کلکٹر کسٹمز ایئرپورٹس طاہر حبیب چیمہ کو خفیہ اطلاع ملی تھی، جس کے بعد مشکوک مسافر کی آمد و رفت پر کڑی نظر رکھی گئی۔

حکام نے کہا کہ ملزم بین الاقوامی آمد کے گرین چینل سے بغیر سامان گزر گیا، تاہم کچھ دیر بعد وہ اپنا سامان لینے کے لیے دوبارہ انٹرنیشنل آرائیول ہال میں آیا۔

کسٹم ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سامان کی تلاشی لی، جس پر بیگ سے 15 کلوگرام سے زائد اعلیٰ معیار کی منشیات برآمد ہوئی۔

ملزم کو حراست میں لے کر اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، جبکہ پاکستان میں موجود اس کے ممکنہ ساتھیوں کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

حکام نے کہا ہے کہ ایئرپورٹس پر اسمگلنگ کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور خفیہ اطلاعات کا مؤثر استعمال جاری رکھا جائے گا۔