ممبئی : سمندری طوفان بائپرجوائے کے پیش نظر بھارتی مغربی ریاستوں گجرات، مہاراشٹر، گوا میں اورنج الرٹ کردیا گیا جبکہ ممبئی میں متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارت کی مغربی ریاستوں گجرات، مہاراشٹر، گوا اوردیگرساحلی علاقوں میں اورنج الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے بتایا کہ شہریوں نے نقل مکانی شروع کردی اور ممبئی میں طوفان کے زیر اثر ہواؤں کے باعث متعدد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
شہر میں یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے کیونکہ ممبئ کے ساحل پر بھی لہریں انتہائی بَلند ہیں جبکہ ولساڑ کے ساحلوں پر طوفان کی ابتدائی آہٹ اتنی خطرناک ہے کہ آس پاس کی جھونپڑیاں اجڑ کر بکھرنے لگی ہیں۔
گجرات حکومت نے ساحلوں کوبند کردیا ہے اور انیس ریسکیو ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں، محکمہ موسمیات نے گجرات کے سوراشٹرا اور کچھ کے ساحلی علاقوں سے لوگوں کو نکل جانے کی ہدایت کی ہے۔
کچھ میں بھارت کی دو بڑی بندرگاہیں موندرا اور کانڈلا واقع ہیں جبکہ دنیا کی سب سے بڑی جام نگر آئل ریفائنری سوراشٹرا میں واقع ہے۔
گجرات کے وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل نے کہا ہے کہ ہندوستان کی نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی سات ٹیمیں اور ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس کی بارہ ٹیمیں متاثر ہونے والے اضلاع میں تعینات کر دی گئی ہیں، سمندری طوفان سے کچھ، جام نگر، موربی، گرسومناتھ، پوربندر اور دیو بھومی دوارکا اضلاع کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
خیال رہے انیس سو اٹھانوے میں سمندری طوفان کے نتیجے میں چار ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے اور لاکھوں ڈالر کا نقصان ہوا تھا۔