’بیپر جوائے بھارت سے ٹکرانے والا سب سے شدید سمندری طوفان ثابت ہو سکتا ہے‘

بھارتی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بیپر جوائے بھارت سے ٹکرانے والا سب سے شدید سمندری طوفان ثابت ہوسکتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان بیپر جوائے گجرات کے ساحل سے 200 کلو میٹر سے بھی کم فاصلے پر ہے، آج طوفان ریاست گجرات سے ٹکرائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گجرات کے ضلع کچھ اور سوراشٹرا میں ریڈ الرٹ ہے، طوفان کے زیر اثر کچھ کے منڈوی ساحل پر تیز ہوائیں چل رہی ہیں، اونچی لہروں کے باعث ممبئی کے ساحل پر بھی طغیانی ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ گجرات کے ضلع کچھ کے بھوج ایئرپورٹ پر آج اور کل فلائٹ آپریشن بند رہے گا، بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بیپر جوائے بھارت سے ٹکرانے والا سب سے شدید سمندری طوفان ثابت ہوسکتا ہے۔