سمندری طوفان، کراچی ساحل پر دفعہ 144 نافذ

بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان بائپر جوائے نے انتہائی شدت اختیار کر لی ہے ممکنہ خطرات کے پیش نظر کراچی کے ساحل پر دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والے طوفان بائپر جوائے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور اس وقت طوفان کراچی سے 770 کلومیٹر دور ہے اور تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

شہریوں کی حفاظت کے پیش نظر کراچی کی ضلع انتظامیہ نے الرٹ جاری کردیا ہے اور ساحل سمندر پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، تاہم منچلے اس کے باوجود ساحل پر جانے سے باز نہیں آ رہے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سجاول نے کہا ہے کہ ماہی گیر کھلے سمندر میں شکار کے لیے گریز کریں کیونکہ سمندر کی صورتحال انتہائی خطرناک ہے اور اونچی لہریں پیدا ہونے کا خدشہ ہے جب کہ سمندر میں موجود ماہی گیروں کو محفوظ مقام پر جانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

سمندری طوفان بدھ یا جمعرات تک سندھ اور مکران کے ساحلوں سے ٹکرا جائے گا، جس سے ساحلی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، طوفان کے باعث ڈیڑھ سو کلو میٹر رفتار کی ہوائیں چلیں گی، کمزور تعمیرات کو نقصان کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب بحیرہ عرب میں سمندری طوفان بیپر جوائے کے سلسلے میں بھارتی محکمہ موسمیات نے آئندہ 6 گھنٹے اہم قرار دے دیے ہیں اور ساحلی ریاستوں میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔

آئی ایم ڈی کی پیشگوئی کے مطابق طوفان اگلے چھ گھنٹوں میں ’انتہائی شدید‘ سائیکلونک اسٹام کے طور پر شدت اختیار کرے گا اور 15 جون کی سہ پہر کے قریب پاکستان اور اس سے ملحقہ سوراشٹرا اور کَچھ کے ساحلوں تک ’انتہائی شدید سمندری طوفان‘ کے طور پر پہنچے گا۔