سمندری طوفان بائپر جوائے کی شدت کافی زیادہ ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے یہ طوفان کیٹی بندر اور بھرتی گجرات کو ہٹ کر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے سمندری طوفان بائپر جوائے کے حوالے سے اپ ڈیٹ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طوفان کی شدت کافی زیادہ ہے۔ کراچی سے طوفان 630 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے اور یہ پاکستان میں کیٹی بندر اور بھارت میں گجرات کو ہٹ کرسکتا ہے۔
سردار سرفراز کے مطابق طوفان کے اردگرد ہوائیں 180 سے 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ مشرق اور جنوب مشرق سے ہواؤں کا رخ کراچی کی جانب رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوسکتا ہے تاہم ہیٹ ویو کا خطرہ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل محکمہ موسمیات نے طوفان سے متعلق 12 واں الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ طوفان سمندر میں 40 فٹ بلند لہریں پیدا کر رہا ہے۔
طوفان کا رخ 14 جون کی صبح تک بدستور شمال کی جانب رہے گا، بعد ازاں رخ جنوب مغرب کی جانب تبدیل کر کے 15 جون کی صبح کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کو کراس کرے گا۔
طوفان کے اثرات کے نتیجے میں کراچی میں 13 سے 16 جون کے درمیان گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور آندھی کا امکان ہے، حیدر آباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈوالہیار، میرپور خاص میں بھی 13 سے 16 جون کے درمیان تیز ہوائیں، گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، 13 سے 17 جون کے درمیان ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمر کوٹ میں گرج چمک کے ساتھ آندھی کا امکان ہے۔