جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے سوشل میڈیا پر سب سے خوبصورت بولنگ ایکشن سے متعلق سوال کر کے نئی بحث چھیڑ دی۔
جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر گزشتہ دنوں یہ سوال پوچھ کر شائقین کرکٹ کو مشکل میں ڈال دیا جس میں ان سے اب تک کرکٹ میں سب سے خوبصورت بولنگ ایکشن کے بارے میں معلوم کیا گیا تھا۔
سابق جنوبی افریقی پیسر کے اس سوال پر شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا پر اپنی اپنی پسند کے بولرز کے بولنگ ایکشن کی تصاویر کے ساتھ ان کے ایکشن کو سب سے خوبصورت قرار دیا جس میں سابق پاکستان کپتان عمران خان، وسیم اکرم کے علاوہ ماضی کے کئی بہترین بولرز کے نام لیے ہیں۔
ڈیل اسٹین نے اس بحث کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ مجھے تو اپنے سابق ٹیم میٹ ایلن ڈونلڈ کا بولنگ ایکشن سب سے خوبصورت لگتا ہے، آپ بتائیں کہ آپ کو کس بولر کا بولنگ ایکشن اچھا لگتا ہے؟
ڈیل سٹین کے سوال پر 12 ہزار ایکس صارفین نے اپنے رائے کا اظہار کیا۔ اکثریت نے پاکستان کے سابق کپتانوں وسیم اکرم، عمران خان کے علاوہ شعیب اختر، شین بانڈ، گلین میک گرا، ظہیر خان اور دیگر سابق بولرز کے بولنگ ایکشن کو دلکش قرار دیا۔
ایک صارف حسن نے سابق پاکستانی کپتان عمران خان کی تصویر لگا کر اپنے پسندیدہ بولنگ ایکشن کے بارے میں بتایا۔
ایک اور صارف صارف جنید نے اپنا پسندیدہ بولنگ ایکشن وسیم اکرم کا بتایا اور لکھا کہ ’سطان آف سوئنگ وسیم اکرم‘
محمد ارسلان نامی صارف نے سوال پوچھنے والے سابق اسٹائلش فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے ایکشن کو ہی سب سے خوبصورت قرار دیا۔
بھارتی صارف شیو رجاواٹ نے سب سے خوبصورت بولنگ ایکشن کے لیے کسی انڈین بولر کے بجائے مچل اسٹارک کا انتخاب کیا۔
گورو گلاٹی نامی صارف نے شین بانڈ تو ساشنک انند نے چمندا واس کا بولنگ ایکشن سب خوبصورت قرار دیا۔