کراچی: شہر قائد میں گزشتہ روز آندھی اور بارش سے نقصانات کے اعداد و شمار جاری کر دیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے سمندری طوفان کے اثرات کے نتیجے میں کراچی میں ہونے والے نقصانات کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ کراچی میں آندھی اور بارش کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 4 افراد جاں بحق ہوئے، چاروں اموات ضلع کیماڑی کے مختلف علاقوں میں ہوئیں۔
رپورٹ کے مطابق آندھی و طوفان میں ضلع وسطی میں 2 افراد زخمی ہوئے، جب کہ طوفان کے نتیجے میں شہر میں 7 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، جن میں ضلع جنوبی کے 3، ضلع غربی اور ضلع کیماڑی کے دو دو مکانات شامل ہیں۔
کراچی میں مٹی کا طوفان، موسلادھار بارش شروع
خیال رہے کہ گزشتہ روز جب تاوتے طوفان نے کراچی کو ہٹ کیا تو شہر قائد کے مختلف علاقوں کو تیز گرد آلود ہواؤں نے لپیٹ میں لیا، کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ریکارڈ کی گئی، اور مختلف علاقوں میں مٹی کا طوفان امڈ آیا۔
واضح رہے کہ سائیکلون تاوتے سے بھارتی گجرات میں 46 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، بحیرہ عرب میں طوفان کے دوران ایک کشتی الٹنے سے پچاس افراد لاپتا ہو گئے تھے جن میں سے 26 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی۔