بھارت میں ڈنمارک سفارتخانے کے اطراف کچرے کا ڈھیر، سفیر نے ویڈیو جاری کر دی

بھارت میں ڈنمارک سفارتخانے کے اطراف کچرے کا ڈھیر، سفیر نے ویڈیو جاری کر دی

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں ڈنمارک سفارتخانے کے اطراف کچرے کے ڈھیر سے تنگ آ کر سفیر خود ویڈیو جاری کرنے پر مجبور ہوگئے۔

بھارت میں تعینات سفیر فریڈی سوان نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو جاری کی اور پوسٹ میں ڈنمارک سفارتخانے، وزیر اعلیٰ اور نئی دہلی کے گورنر کو ٹیگ کیا۔

فریڈی سوان نے ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ویسے تو خوبصورت اور گرین نئی دہلی جیسے نعرے لگائے جاتے ہیں لیکن حقیقت میں یہ دیکھ کر افسوس ہوا۔

ویڈیو کلپ میں فریڈی سوان کو سفارتخانے کی دیوار کے ساتھ کچی سڑک پر دیکھا جا سکتا ہے اور ان کے اردگرد کچرے کا ڈھیر اور ملبہ موجود ہے۔

انہوں نے ڈنمارک اور یونانی سفارتخانے کی عمارتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ڈنمارک اور دوسری طرف یونانی سفارتخانہ ہے، درمیان میں سروس لین ہونی چاہیے لیکن لوگ یہاں کچرا پھینکتے ہیں۔

فریڈی سوان نے کہا کہ مجھے امید ہے کوئی ہماری آواز سن کر اس مسئلے کو حل کرے گا، الفاط نہیں بلکہ عملی اقدامات ہونے چاہییں۔

بعدازاں، سفیر کی ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) نے علاقے سے کچرے صاف کیا اور سفیر کے توجہ دلانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔