کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے مستونگ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر پنجگور ذاکر بلوچ جاں بحق ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مقامی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ڈی سی پنجگور جاں بحق اور چیئرمین میونسپل کمیٹی سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کو نواب غوث بخش رئیسانی میموریل اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ذاکر بلوچ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
پولیس حکام کے مطابق ڈپٹی کمشنر پنجگور کی گاڑی پر کھڈکوچہ کنڈعمرانی کے مقام پر فائرنگ کی گئی تھی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے مستونگ میں فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ذاکر بلوچ حکومت بلوچستان کے ایک باصلاحیت افسر تھے، انہوں نے مختلف ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دہشت گرد عناصر کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے ذاکر بلوچ کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی، سرفراز بگٹی نے کہا کہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہتر سہولت فراہم کی جائے۔