یوٹیلیٹی اسٹورز اور جہانگیر ترین کی شوگز ملز میں معاملات طے

یوٹیلیٹی اسٹورز اور استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کی شوگر ملز کے درمیان 8 ہزار ٹن چینی کی فراہمی کے معاملات طے ہو گئے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کو ایک ماہ کے لیے چینی کی دستیابی کی راہ ہموار ہو گئی ہے اور جہانگیر ترین کی شوگر مل ڈی ڈبلیو سے طے شدہ معاملات کے تحت شوگر مل یوٹیلیٹی اسٹورز کو پرانے ریٹ پر چینی فراہم کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کو 130 روپے فی کلو کے حساب سے چینی دی جائے گی جو اخراجات کے بعد کارپوریشن کو تقریباً 140 روپے کلو میں پڑے گی۔ کارپوریشن کو یہ چینی اوپن مارکیٹ سے تقریباً 32 روپے فی کلو سستی پڑے گی۔

ذرئع کے مطابق گزشتہ ہفتے یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی فروخت کا معطل شدہ عمل بحال کیا گیا تھا۔

یوٹیلیٹی حکام کے مطابق حکومتی سبسڈی کے باعث بی آئی ایس پی مستحقین کیلیے چینی کی قیمت 100 روپے کلو ہے۔