ایم کیو ایم ساؤتھ افریقا کی صوبائی وزیر سعید غنی اور شہلا رضا کو قتل کی دھمکی

کراچی: ایم کیو ایم ساؤتھ افریقا دہشت گردی کی علامت بن گئی، صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی اور رکن سندھ اسمبلی شہلا رضا کو قتل کی دھمکی دے دی۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم ساؤتھ افریقا نے پیپلز پارٹی کی اہم سیاسی شخصیات کو ہدف بنا لیا، صوبائی وزیر سعید غنی اور شہلا رضا کو قتل کی دھمکی دے دی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارش پر محکمہ داخلہ نے سیکورٹی الرٹ جاری کر دیا۔

ذرایع نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر سعید غنی اور شہلا رضا کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

ذرایع نے مزید بتایا کہ سعید غنی اور شہلا رضا کو غیر ضروری سرگرمیوں سے روک دیا گیا ہے، سیکورٹی الرٹ کی کاپی سعید غنی اور شہلا رضا کو بھی موصول ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  جماعت اسلامی کے ڈاکٹر پرویز محمود کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا کارکن عدالت میں پیش

اے آر وائی نیوز کے نمائندے ارباب چانڈیو نے کہا کہ سعید غنی اور شہلا رضا کو ملنے والی دھمکی کے لیٹر میں کہا گیا کہ انھیں ایک ہفتے کے اندر قتل کیا جا سکتا ہے۔

یاد رہے کہ 27 اپریل کو سابق ٹاؤن ناظم ڈاکٹر پرویز محمود کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر کنور عمران کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم ناظم آباد گلبہار سیکٹر کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا انچارج تھا، دوران پوچھ گچھ اُس نے ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں کا بھی اعتراف کیا۔