پاور پرچیز پرائس کا فیصلہ جاری، ایل این جی سے مہنگی ترین بجلی ملے گی

نیپرا بجلی

اسلام آباد: نیپرا نے رواں مالی سال 24-2023 کے لیے پاور پرچیز پرائس کا فیصلہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق ایل این جی سے سب سے زیادہ مہنگی اور پانی سے سستی بجلی ملے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نیپرا کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رواں مالی سال ایل این جی سے فی یونٹ بجلی 51 روپے 42 پیسے میں پڑے گی، فرنس آئل سے فی یونٹ بجلی 48 روپے 56 پیسے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

اس کے علاوہ درآمدی کوئلے کی پاور پرچیز پرائس کا تخمینہ 40 روپے 54 پیسے فی یونٹ ہے، رواں مالی سال کے لیے مقامی کوئلے سے فی یونٹ بجلی کا تخمینہ 23 روپے 97 پیسے ہے۔

ونڈ پاور سے فی یونٹ بجلی 33 روپے 64 پیسے میں پڑے گی، ایران سے درآمدی بجلی کی قیمت 24 روپے 74 پیسے فی یونٹ رہے گی۔

نیوکلیئر پلانٹ سے حاصل ہونے والی بجلی کی فی یونٹ قیمت 18 روپے 36 پیسے رہے گی، رواں مالی سال سولر سے فی یونٹ بجلی 15 روپے 4 پیسے میں پڑے گی، بیگاس سے فی یونٹ بجلی کا تخمینہ 14 روپے 83 پیسے لگایا گیا ہے۔

نیپرا کے مطابق گیس کی پاور پرچیز پرائس 13 روپے 2 پیسے فی یونٹ رہے گی، پانی سے پیدا ہونے والی بجلی کی فی یونٹ قیمت 6 روپے94 پیسے رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔