آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں ایڈمنسٹریٹرز تعینات کرنے کا فیصلہ

آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں ایڈمنسٹریٹرز تعینات کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی و ٹکٹ ہولڈرز کا اجلاس وزیراعظم آزادکشمیر سردار ‏عبدالقیوم نیازی کی زیرصدارت ہوا جس میں آزادکشمیر کی تعمیروترقی کے حوالے حکمت عملی پر مشاورت کی ‏گئی۔

اجلاس میں آزادکشمیر کے تمام اضلاع میں ایڈمنسٹریٹرز تعینات کرنےکا فیصلہ کیا گیا۔ ‏

اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی تازہ کارروائیوں کی مذمت کی گئی اور عالمی برادری سے ‏مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ ‏

اجلاس میں عشرہ رحمت لعالمین کے حوالے سے پروگرامات منعقدکرنےکا فیصلہ بھی ہوا اور وزیراعظم عمران خان ‏کے رحمت للعالمین اتھارٹی بنانے کے فیصلےکی حمایت کی گئی۔ ‏

24 اکتوبر کو یوم تاسیس بھرپورانداز میں منانےکا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عبدالقیوم نیازی نے ‏کہا کہ عمران خان کے ویژن کے تحت آزاد کشمیر کو خوشحال بنائیں گے، بلدیاتی انتخابات کےتحت اختیارات کو ‏نچلی سطح پر منتقل کیا جائے گا۔