اسلام آباد پولیس نے سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عدالت میں پیشی کے دوران حفاظت کے لیے چیف سکیورٹی آفیسر تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان سے آر پی او راولپنڈی، ڈی آئی جی سکیورٹی اور پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز نے ملاقات کیجس میں عمران خان کی پیشی کے لیے سکیورٹی انتظامات کی تفصیلات طے کی گئیں۔
ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے مطابق سکیورٹی اقدامات کیے جا رہے ہیں، شبلی فراز نے ایف ایٹ عدالتوں کی سماعت کے لیے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس پر آئی جی اسلام آباد متعلقہ اداروں سے تجویز پر غور کی درخواست کریں گے۔
اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ عمران خان کی حفاظت کے لیے چیف سکیورٹی آفیسر تعینات کرنے کا فیصلہ ہوا ہے، چیف سکیورٹی آفیسر شبلی فراز کے توسط سے عمران خان کی ٹیم سے رابطہ کریں گے جبکہ ان کا لاہور جانے کا امکان ہے تاکہ مزید تفصیلات طے کی جا سکیں۔
ترجمان نے کہا کہ عدالتی احکامات کے مطابق محدود افراد کو عدالتی احاطے میں جانے کی اجازت ہوگی، عدالت سے ضابطہ اخلاق کے اجرا کی درخواست بھی کی جائے گی۔
آئی جی اسلام آباد سے آر پی او راولپنڈی، ڈی آئی جی سکیورٹی اورعمران خان کے چیف آف سٹاف سینیٹر شبلی فراز کی ملاقات۔
عمران خان کی ممکنہ حاضری کے سلسلہ میں سکیورٹی انتظامات کی تفصیلات طے ہوگئیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق سکیورٹی اقدامات کیے جارہے ہیں۔⬇️
— Islamabad Police (@ICT_Police) March 17, 2023