بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں نامور کنڑ اداکار و فلم ڈائریکٹر گرو پرساد کی گھر سے کئی روز پُرانی تعفن زدہ لاش برآمد کر لی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 52 سالہ اداکار و ڈائریکٹر گرو پرساد اپنی سُپر ہٹ فلموں کی وجہ سے شہرت رکھتے تھے۔ ان کی موت کی خبر نے چاہنے والوں کو افسرد کر دیا۔
پولیس نے بتایا کہ پڑوسیوں نے اطلاع دی کہ گرو پرساد کے اپارٹمنٹ سے ناقابلِ برداشت بدبو آ رہی ہے جس پرٹیم نے وہاں پہنچ کر لاش برآمد کی۔
گرو پرساد اپارٹمنٹ میں اکیلے رہائش پذیر تھے اور ان کی لاش ڈرائنگ روم میں چھت سے لٹکتی ہوئی پائی گئی۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوتا ہے کہ گرو پرساد مالی مشکلات اور قرض دہندگان کے دباؤ سے پریشان تھے۔
پولیس کے مطابق وہ خودکشی سمیت ہر زاویے سے تفتیش کر رہی ہے۔
بنگلورو پولیس کے سپرنٹنڈنٹ سی کے بابا نے بتایا کہ آج صبح گرو پرساد کی اپارٹمنٹ میں خودکشی کے ذریعے موت کا پتا چلا، یہ تو طے ہے کہ وہ مالی مشکلات کا شکار تھے۔
انہوں نے بتایا کہ بی این ایس 194 کے مقدمہ درج کر لی ہے اور مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔