اسلام آباد: میڈیا تنظیموں کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ڈیجیٹل میڈیا اتھارٹی اور پنجاب ہتک عزت بل کو آزادی اظہار رائے کے خلاف قرار دے دیا۔
پانچ بڑی میڈیا تنظیموں جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مجوزہ بلز پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب ہتک عزت بل 2024 کے مجوزہ مسودے پر تحفظات ہیں۔
اعلامیے کے مطابق میڈیا تنظیمیں ہتک عزت کے قوانین مؤثر بنانے اور ان کے تحت ڈیجیٹل میڈیا کوریگولیٹ کرنے کے خلاف نہیں ہیں لیکن مجوزہ بل ڈریکونین اور آزادی اظہار رائے کے بنیادی حق کیلیے خطرہ ہے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ بل میں موجود خامیاں دور کرنے کیلیے اسٹیک ہولڈرز سے تجاویز لی جائیں، ایسی قانون سازی میں انفرادی حقوق کے تحفظ کا خاص خیال رکھا جائے، قانون سازی کرتے وقت آزادی اظہار رائے کے اصولوں کو مد نظر رکھا جائے۔
کمیٹی نے وفاق اور پنجاب حکومت سے صحافتی تنظیموں اور اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کا بھی مطالبہ کیا۔ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا کہ مجوزہ قانون سازی کے آزادی اظہار رائے پر ممکنہ اثرات جائزہ لیا جائے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت تک بل اسمبلی سے منظور نہ کروائے جائیں، منصفانہ اور جمہوری اصولوں سے ہم آہنگ قوانین کیلیے پرعزم ہیں۔
خیال رہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی میں پی بی اے، اے پی این ایس، سی پی این ای، پی ایف یو جے اور ایمنڈ شامل ہیں۔